اسلام آباد : جے یو آئی کے رکن اسمبلی نور عالم خان نے ایوان مین اپنے شناختی کارڈ کو منسوخ کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت حیرت انگیز صورتحال پیدا ہوگئی جب جے یو آئی (ف) سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رکن نور عالم خان نے انکشاف کیا کہ نادرا نے ان کا شناختی کارڈ بلاک نہیں بلکہ مکمل طور پر منسوخ کر دیا ہے۔
نور عالم خان نے ایوان کو بتایا کہ ایس این جی پی ایل کے ایک خط کی بنیاد پر اسٹیٹ بینک نے ان کے تمام اکاؤنٹس اور دیگر سہولیات بند کر دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سال 2022 اور 2023 میں ایک ایسے گھر اور اس کے بجلی/گیس کے بل کو جواز بنا کر کارروائی کی گئی جو کبھی ان کی ملکیت تھا ہی نہیں۔
رکن اسمبلی نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا شناختی کارڈ صرف بلاک نہیں کیا گیا بلکہ اسے سسٹم سے ہی منسوخ کر دیا گیا ہے، جو کہ ایک سنگین زیادتی ہے۔
اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے نور عالم خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری طور پر ایک تحریری درخواست جمع کرائیں تاکہ اس پر قانونی کارروائی کی جا سکے۔


