منگل, جون 9, 2026
اشتہار

پی ٹی آئی کے اہم رہنما کی مبینہ آڈیو لیک، پارٹی چھوڑنے کی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی ، جس میں انھوں نے پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آگئی، جس میں انہوں نے ایوان میں بولنے کا موقع نہ ملنے پر پارٹی قیادت اور پارلیمانی نظم و ضبط پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مبینہ آڈیو میں جنید اکبر پارٹی گروپ میں اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا انہیں بار بار ایوان میں بولنے سے روکا جا رہا ہے، جس پر ان کی برداشت ختم ہو چکی ہے۔

آڈیو میں جنید اکبر نے پارلیمانی کمیٹی سےعلیحدگی اور چیف وہپ سمیت پارلیمانی لیڈر کو ماننے سے انکار کیا۔

رہنما پی ٹی آئی نے مبینہ آڈیو میں ا‏سپیکر سے بات کرکے آزاد حیثیت اختیار کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا میری برداشت ختم ہو گئی ،مجھےالگ کریں پارلیمانی پارٹی کاحصہ نہیں ہوں۔

آڈیو میں انھوں نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “یہ درباری ہیں، ہمیں بولنے نہیں دیتے، کیا ہم ایوان میں چھولے کھانے آتے ہیں؟”۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں صرف آخری رمضان یا بجٹ کے دوران ہی بولنے کا موقع ملا، جبکہ ہر بار چند مخصوص افراد ہی گفتگو کرتے ہیں۔

مبینہ آڈیو میں رہنما پی ٹی آئی نے چیف وہپ کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ چیف وہپ کون ہوتا ہے جو یہ فیصلہ کرے کہ ایوان میں کون بولے گا۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ پارٹی ان کی شرافت کو کمزوری سمجھ رہی ہے اور روزانہ وہی چند لوگ بولتے ہیں جبکہ باقی ارکان صرف ڈیسک بجانے تک محدود رہتے ہیں۔

جنید اکبر نے آڈیو میں یہ بھی کہا کہ کسی میں ہمت نہیں کہ یہ سوال کرے کہ محسن نقوی ایوان میں کیوں نہیں آئے، جبکہ چند لوگ ہر بار ایک ہی موضوع پر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ آج سے پارلیمانی کمیٹی اور موجودہ پارٹی نظم کا حصہ نہیں ہیں۔

مبینہ آڈیو میں رہنما کا مزید کہنا تھا کہ وہ سخت مؤقف رکھتے ہیں، اسی لیے کسی “درباری” نے شاید کہا ہوگا کہ ان کا نام نہ دیا جائے۔

تاحال پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے اس مبینہ آڈیو لیک پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

 

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں