کراچی : شہر قائد کو کچرے سے پاک کرنے کے لیے معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید بھی میدان عمل میں آگئے۔
Cleanliness drive under Ansar Burni Trust, JDC by arynews
تفصیلات کے مطابق جے ڈی سی اورانصار برنی ٹرسٹ کے زیراہتمام کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر رضا کاروں نے رنچھوڑلائن میں جھاڑو لگائی اورسڑکوں پر پڑا کچرا اٹھا یا۔
جے ڈی سی اور انصار برنی ٹرسٹ کی صفائی مہم میں معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ بھی شامل ہوگئے۔
جنید جمشید نے خود جھاڑو لگا کر علاقے کا کچرا صاف کیا اور مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید جمشید کا کہنا تھا کہ شہر کراچی کو صاف کرنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ شہر قائد کی ترقی کیلئے اقدامات کریں ہم ان کے ساتھ ہیں، اس موقع پر نوجوانوں نے جنید جمشید کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی توجہ نہ ہونے سے شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے۔