اتوار, مارچ 8, 2026
اشتہار

ویکسی نیشن کے باوجود ہم میاں بیوی کورونا کا شکار ہوئے، جسٹس فائزعیسیٰ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ زندگی سب کا بنیادی حق اور صحت اس کا اہم ترین حصہ ہے، ویکسی نیشن کے باوجود ہم دونوں میاں بیوی کورونا کا شکار ہوئے۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کئی روز سے کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر اسلام آباد کے مقامی نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اسپتال سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہےکہ زندگی سب کا بنیادی حق اور صحت اس کا اہم ترین حصہ ہے، میں اور میری اہلیہ دونوں کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے اور تمام تر احتیاط کے باوجود ہم دونوں ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہوئے۔

جسٹس فائزعیسی کا کہنا تھا کہ نجی ہسپتال میں بہترین علاج ہورہا ہے، ڈاکٹروں کی ٹیم کا نہایت شکر گزار ہوں، بدقسمتی سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں سماجی فاصلے کی پابندی پرعمل درآمد نہیں ہورہا۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کی نماز کےدوران بھی ایس او پیزکی خلاف ورزیاں ہوئیں، اسلام آباد کی فیصل مسجد میں لوگوں نے کندھے سے کندھا ملاکر نماز عید ادا کی تھی، وبا کےدوران احتیاط کے حوالے سے اسلامی احکامات واضح ہیں۔

جسٹس فائزعیسیٰ کا کہنا ہے کہ کورونا صورتحال کے دوران موجودہ حالات کسی جنگ سے کم نہیں، ٹی وی اور ریڈیو پرکورونا ماہرین سے عوام کو آگاہی دلوائی جائے، وبا سے نمٹنا ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جسٹس فائز عیسٰی کا آکسیجن سیچوریشن لیول کم ہوگیا تھا تاہم اب ان کی طبیعت سنبھل گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ اور ان کی اہلیہ گھر میں قرنطینہ تھے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں