اسلام آباد : جسٹس مسرت ہلالی نے سپریم کورٹ کی دوسری خاتون جج کی حیثیت سے حلف اٹھالیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس مسرت ہلالی سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق جج جسٹس مسرت ہلالی کی حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہوئی، تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور وکلاء نے شرکت کی۔
جسٹس مسرت ہلالی نے سپریم کورٹ کی جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا، چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے جسٹس مسرت ہلالی سے حلف لیا، جس کے بعد جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ میں ذمہ داریاں نبھانے والی دوسری خاتون جج بم گئیں۔
ان سے قبل جسٹس عائشہ ملک نے چوبیس جنوری دوہزار بائیس کو سپریم کورٹ میں پہلی خاتون جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، نئی تقرری کے بعد سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد سولہ ہوگئی ہے۔
یاد رہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مسرت ہلالی کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دی تھی۔