اسلام آباد: سابق منصف اعلیٰ جسٹس (ر) ناصر المک آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے، صدرمملکت ممنون حسین ناصر الملک سے حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری آج 11 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی ، جس میں جسٹس (ر) ناصر المک حلف اٹھائیں گے۔
ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، تقریب میں عسکری قیادت، اعلیٰ شخصیات، غیر ملکی سفیر، گورنر اور دیگر کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ چیئرمین سینٹ وڈپٹی چیرمین کو بھی دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد ختم ہوگی ہے، اب ناصر الملک نگراں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی چھ ملاقاتوں کے بعد نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا، دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ جسٹس (ر)ناصر المک نگراں وزیر اعظم ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کیلئےنام ایساہےجس پرکوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔
واضح رہے کہ ناصر الملک سپریم کورٹ کے بائیسویں چیف جسٹس رہے، وہ 2013 سے 2014 تک قائم مقام چیف الیکشن کمشنر بھی رہے جبکہ سنہ 1993 سے 1994 تک وہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کے ایڈوکیٹ جنرل کے عہدے پر فائز رہے جہاں انہوں نے صوبائی حکومت کے قانونی معاملات میں مشاورت کے فرائض انجام دیے۔