کراچی : کے الیکٹرک بورڈآف ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس میں آج نئے قائم مقام سی ای او کا نام فائنل کیا جائے گا۔
کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایک اہم ترین اجلاس آج کراچی میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں مونس علوی کے استعفے کے بعد پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنے کے لیے نئے قائم مقام سی ای او کا نام فائنل کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نئے قائم مقام سی ای او کا اعلان کریں گے جبکہ آج کے اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل اور اگلی بورڈ میٹنگ کی تاریخ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
نئے مستقل سی ای او کے لیے کراچی سے تعلق رکھنے والے 3 ماہرین کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے جن کا تعلق توانائی اور فنانس کے شعبوں سے ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کے الیکٹرک کو بورڈ انتخابات کے لیے 25 مارچ 2026 کی آخری تاریخ دے رکھی ہے۔
قوی امکان ہے کہ 25 مارچ کو انتخابات کے بعد موجودہ بورڈ ختم ہو جائے گا اور نئے ڈائریکٹرز ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
مونس علوی کے مستقل جانشین کا حتمی فیصلہ اب موجودہ بورڈ کے بجائے نیا منتخب ہونے والا بورڈ ہی کرے گا۔
بورڈ انتخابات اور نئی قیادت کی آمد کے بعد کے الیکٹرک کے انتظامی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ اور پالیسیوں میں تبدیلی کا امکان ہے، تاکہ کمپنی کی کارکردگی اور صارفین کے مسائل کو بہتر طور پر حل کیا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


