تاجر رہنما حماد پونا والا نے کہا ہے کہ کےالیکٹرک تاجروں کو احتجاج کی طرف جانے پر مجبور کررہی ہے، ادارے نے ٹمبر مارکیٹ کے بعد اب اسٹیل مارکیٹ کو ہدف بنالیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئرن اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی رنما حماد پونا والا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے ٹمبر مارکیٹ کے بعد اب اسٹیل مارکیٹ کو ہدف بنایا ہے، بجلی کمپنی تاجروں کو مجبور کررہی ہے کہ وہ احتجاج کی طرف جائیں۔
حماد پونا والا نے کہا کہ 3 دنوں سے پاک آئس فیڈر بند کر کے علاقے کو بجلی سے محروم کر رکھا ہے، ٹمبر، اسٹیل مارکیٹیں اور اطراف میں 3 دن سے بجلی بند ہے۔
انجمن تاجران طارق روڈ کے رہنما نے کہا کہ کے الیکٹرک خصوصی طور پر تاجر برادری کو کو نشانہ بنا رہی ہے، تاجر برادری اضافی بلوں اور لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہے۔
الیاس میمن نے کہا کہ تاجروں کو احتجاج اور مارکیٹیں بند کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی نے کاروبار ختم کر دیا ہے۔