کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے وزارت توانائی کو خط لکھا ہے، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گرمی کی دوسری لہر میں بجلی کی طلب 34 سو میگا واٹ اور پیداوار 27 سو میگا واٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے وزارت توانائی کو خط لکھ کر اضافی بجلی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ گیس پریشر میں کمی کے سبب کے الیکٹرک کے 3 پلانٹ متاثر ہیں، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو درخواست کے باوجود آر ایل این جی فراہم نہیں کی جارہی۔
خط میں کہا گیا کہ بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سے اضافی بجلی دی جائے۔
کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ گرمی کی دوسری لہر میں بجلی کی طلب 34 سو میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے، اس وقت بجلی کی پیداوار 27 سو اور شارٹ فال 380 میگا واٹ ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ مستثنیٰ علاقوں میں بھی 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرنے پر مجبور ہیں۔