کراچی : کے الیکٹرک کے غیر ملکی چیئرمین مارک جیرارڈ اسکیلیٹن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد شہریار ارشد چشتی کو متبادل ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ‘کے الیکٹرک’ کی اعلیٰ قیادت میں اہم تبدیلی عمل میں آئی، ادارے کے غیر ملکی چیئرمین مارک جیرارڈ اسکیلیٹن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مارک جیرارڈ کے استعفے کے بعد شہریار ارشد چشتی کو متبادل ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔
کمپنی سیکریٹری نے بتایا اس تقرری کی باضابطہ منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے حالیہ اجلاس میں دی گئی۔
انتظامیہ نے متبادل ڈائریکٹر کی تقرری سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے، جس میں سرمایہ کاروں اور متعلقہ حکام کو اس انتظامی تبدیلی سے آگاہ کیا گیا ہے۔
شہریار ارشد چشتی کی بطور متبادل ڈائریکٹر شمولیت کو کے الیکٹرک کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے اور اسٹریٹجک فیصلوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


