کراچی : طویل لوڈشیڈنگ پر نیپرا کی رپورٹ طلبی کے بعد کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ قومی بجلی پالیسی 2021 کےاصولوں ،ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے نیپرا کے احکامات پر کہا کہ ادارہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی تمام ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرے گا اور اس حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹ جلد ریگولیٹر کو جمع کرا دے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شہر میں لوڈشیڈنگ کا عمل قومی بجلی پالیسی 2021 کے طے شدہ اصولوں اور ضوابط کے عین مطابق کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے حالیہ بجلی کے تعطل کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف شہری اداروں کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کے باعث چند مقامات پر مقامی نوعیت کے فالٹس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ان مقامی فالٹس کے ازالے کے لیے کے الیکٹرک کی فیلڈ ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں۔ ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ فالٹس کی بروقت درستگی اور بجلی کی جلد سے جلد بحالی کے لیے ٹیمیں گراؤنڈ پر مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش پریشانی کو کم کیا جا سکے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


