کراچی : کارگو طیارے حادثے کی تحقیقات کے لیے کے ٹو ایئرویز کے 4 سیل شدہ دفاتر بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کے سپرد کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) نے کے ٹو ایئرویز کے 4 سیل شدہ دفاتر بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کے سپرد کر دیے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شب ایئرلائن کے طیارے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی سی اے اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان دفاتر کو سیل کر دیا تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاتر انویسٹی گیشن ٹیم کے سپرد کرنے کا بنیادی مقصد تمام متعلقہ ریکارڈ پر تحقیقاتی ٹیم کی براہِ راست دسترس کو یقینی بنانا ہے۔
بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کی 11 رکنی ٹیم، ڈائریکٹر ایئر کموڈور احسن کی سربراہی میں، تحقیقات کے لیے کراچی پہنچ چکی ہے، یہ ٹیم اب ان دفاتر میں موجود طیارے کے آپریشنل ریکارڈ، مینٹیننس لاگز اور دیگر اہم دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
بیورو کی جانب سے اب تک تحویل میں لیے گئے ریکارڈ کی ابتدائی رپورٹ وزارتِ دفاع کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ کے تھرڈ فلور پر کے ٹو ایئرویز کے مجموعی طور پر 5 دفاتر موجود ہیں، ان میں سے 4 دفاتر کو تفتیش کے لیے سیل کر کے تحویل میں لیا گیا ہے۔
پانچواں دفتر، جو ایچ آر اور دیگر دفتری امور کی انجام دہی کے لیے استعمال ہوتا ہے، فی الحال ایئرلائن کے پاس ہی رہے گا تاکہ روزمرہ کے انتظامی معاملات متاثر نہ ہوں۔


