کراچی (22 اکتوبر 2025): صوبہ سندھ کے کچے کے علاقے میں تبدیلی آنے لگی ہے، بدنام زمانہ ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے کچے کے علاقوں میں پائیدار امن کے لیے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے تاریخ پالیسی منظور کر لی ہے، اس تاریخ ساز موقع پر محکمہ داخلہ سندھ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بدنام زمانہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔
کچے کے علاقے کو خوشیوں کا نگر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اب امن کا وعدہ کیا گیا ہے، اور اس پس ماندہ علاقے میں بھی اب ترقی کا سفر شروع ہوگا۔
حکومت کی جانب سے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں ڈاکوؤں کے لیے رضاکارانہ سرینڈر اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے، اس پالیسی کے تحت کچے کے ہیڈ منی والے 50 ڈاکو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہوئے۔
سر پھرا شہری دیکھ کر ڈاکو موٹر سائیکل اور پستول چھوڑ کر فرار (ویڈیو)
کچے کا علاقہ برسوں سے خوف، جرائم اور بے یقنی کی علامت رہا ہے، لیکن یہ کچہ اب امن و استحکام اور امید کی ایک نئی شناخت بننے جا رہا ہے، یہ اہم کامیابی سندھ پولیس کے عزم اور لازوال قربانیوں اور ہمیشہ قانون اور انصاف کے ساتھ کھڑے عوام کے سبب حاصل ہوئی ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


