بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

فلم ’کالا ہرن‘ سے راہیں جدا کرنے والے گووند نامدیو بڑی مشکل میں پھنس گئے

اشتہار

حیرت انگیز

(16 جون 2026): سُپر اسٹار سلمان خان سے جڑے کیس کی کہانی پر مبنی فلم ’کالا ہرن‘ سے راہیں جدا کرنے والے اداکار گووند نامدیو بڑی مشکل میں پھنس گئے۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق کالا ہرن کے پروڈیوسر امیت جانی نے گووند نامدیو کو قانونی نوٹس بھیج دیا اور ان سے سرِ عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ایک انٹرویو میں گووند نامدیو نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایک ایسی فلم کا حصہ بننے پر حامی بھری تھی جس کا نام ’سنبھل‘ تھا اور انہیں بتایا گیا تھا کہ یہ فلم صرف سلمان خان کے کالا ہرن کیس سے متعلق عدالتی کارروائی پر مرکوز ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان نے فلم ’’کالا ہرن‘‘ کی ریلیز کیخلاف رکاوٹ بننے کی ٹھان لی

گووند نامدیو نے بعد میں دعویٰ کیا کہ کالا ہرن کا ٹیزر دیکھ کر انہیں شدید جھٹکا لگا کیونکہ فلم اس کہانی سے بالکل مختلف تھی جو انہیں سمجھائی گئی تھی۔

اداکار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پروڈیوسر امیت جانی نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

امیت جانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ گووند نامدیو کو قانونی نوٹس دے دیا، 7 دن میں معافی مانگیں اور پروڈکشن ہاؤس کو 50 لاکھ روپے جرمانہ دیں بصورت دیگر قانونی کارروائی ہوگی۔

فلم پروڈیوسر نے اداکار کے ان دعوؤں کو بھی مسترد کیا کہ وہ فلم کے مواد سے لاعلم تھے۔ امیت جانی کے مطابق گووند نامدیو نے نہ صرف کالا ہرن سائن کی تھی بلکہ اس کے مجوزہ سیکوئل کے ساتھ وابستہ رہنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔

واضح رہے کہ یہ تنازع ان الزامات سے پیدا ہوا جن کے مطابق کالا ہرن کے واقعات اداکار سلمان خان اور 1998 کے کالا ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس سے جڑے حقیقی زندگی کے واقعات سے گہرا میل کھاتے ہیں۔

سلمان خان نے فلم کی تشہیر، ریلیز اور تقسیم پر فوری اسٹے آرڈر کی استدعا کے ساتھ دہلی ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ ان کی قانونی ٹیم کے مطابق یہ فلم تجارتی فائدے کیلیے غیر قانونی طور پر ان کی شخصیت اور پبلسٹی کے حقوق کا استعمال کر رہی ہے۔

دہلی ہائیکورٹ نے فلم سازوں کو باقاعدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں