راولپنڈی (4 نومبر 2025): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں آپریشن کے دوران 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، اس دوران مؤثر کارروائی میں 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران مختلف نوعیت کے ہتھیار اور گولیاں برآمد کیے گئے، ہلاک دہشتگرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق عزم استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری ہے، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں۔
30 اکتوبر کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ اور بولیدہ میں 28 اور 29 اکتوبر کو دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 18 دہشتگرد مارے گئے۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کوئٹہ کے علاقے چلتن کی پہاڑیوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا، اس دوران مؤثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 ہندوستانی اسپانسرڈ دہشتگرد مارے گئے تھے۔ فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیے گئے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا۔


