لاہور:میچ فکسنگ اسکینڈل میں تین سالہ پابندی پر ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل اپنے چھوٹے بھائی عمراکمل کے دفاع میں آگئے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں کامران اکمل نے ردعمل دیتے ہوئے عمر اکمل کو ملنے والی سزا کو انتہائی سخت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے الزامات پر اتنی سخت سزائیں نہیں دی گئیں جتنی عمر اکمل کو دی گئی۔
38سالہ کامران اکمل نے کہا کہ تین سال کی پابندی پر ہم حیران ہیں، عمر اکمل کو دی جانے والی سزا انتہائی سخت ہے لیکن ہم تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اسی طرح کی خلاف ورزیوں پر بہت زیادہ مختصر پابندی عائد کی گئی لیکن ہمیں یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ عمر اکمل کے ساتھ کیوں مختلف سلوک کیا گیا۔
کامران اکمل نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد تمام فارمز پر جائیں گے اور اپیل دائر کریں گے، تمام قانونی راستے اختیار کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کریں گے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل نے مڈل آرڈر بیٹسمین پر ہر قسم کی کرکٹ کے دروازے بند کردیے۔
چیئرمین ڈسپلنری پینل کے فیصلے کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر آئندہ تین برس تک ہر طرح کی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر الزام تھا کہ انہوں نے میچ فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن کوڈ کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔