اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب جوان اسکلز اسکالر شپ پروگرام کے تحت، اب تک 5 ارب روپے کی رقم سے 1 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روایتی و جدید شعبوں میں تکنیکی تربیت کا سلسلہ مکمل کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کامیاب جوان اسکلز اسکالر شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تکنیکی تربیت جاری ہے، وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ 1 ہزار اداروں میں مفت کورسز کے تیسرے بیچ کا آغاز ہوچکا ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں 60 ہزار نوجوانوں کو کورسز فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے تکنیکی تربیت حاصل کرنے والے نوجوان کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی۔
کامیاب جوان اسکلز فار آل سے تربیت پانے والےباصلاحیت نوجوان اپنی زندگیاں بدل رہے ہیں۔ مبین احمد نے نا صرف اپنا سافٹ ویئر ہاؤس شروع بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے موقع فراہم کیے۔نوجوان اس پروگرام کے تیسرے بیچ کے تحت مفت داخلوں کیلئے کامیاب جوان کے ویب سائیٹ پر رابطہ کریں۔ pic.twitter.com/ixpZIHI2TV
— Usman Dar (@UdarOfficial) January 22, 2022
ویڈیو میں موجود نوجوان مبین احمد کا کہنا ہے کہ بہترین پڑھائی کے ساتھ جدید کمپیوٹر سسٹمز اور لیبز میں سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ سافٹ ویئر ہاؤس اور ڈیجٹل مارکیٹنگ ایجنسی چلا رہے ہیں۔
معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوان خصوصاً جدید شعبوں میں تعلیم حاصل کر کے ذاتی زندگی میں آگے بڑھیں، پہلی بار روایتی شعبوں کی نسبت جدید شعبوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی مرضی کے انسٹیٹیوٹ اور کورسز میں داخلے کے لیے اپلائی کریں، نوجوان کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔