(2 نومبر 2025): نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کین ولیمسن کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی ہے، کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔
نیوزی لینڈ بورڈ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسٹار کرکٹر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی وائٹ بال سیریز میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے تاکہ دسمبر میں ٹیسٹ میچز کی سیریز پر توجہ دے سکیں۔
اپنے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کین ولیمسن نے کہا کہ یہ ریٹائرمنٹ کا صحیح وقت ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اور مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔
ولیمسن کا کہنا تھا کہ ٹیم میں بہت سا ٹی20 ٹیلنٹ موجود ہے، اب ان کا وقت ہے کہ وہ اس فارمیٹ میں بلیک کیپس کو آگے لے کر جائیں۔
واضح رہے کہ 35 سالہ کھلاڑی نے 75 میچز میں نیوزی لینڈ کی قیادت کی، جن میں ٹی20 ورلڈ کپ کے دو سیمی فائنلز (2016 اور 2022) اور ایک فائنل (2021) شامل ہیں۔
کین ولیمسن نے اپنی شاندار کیریئر میں 2575 رنز اسکور کیے، نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ولیمسن مستقبل میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔


