بھارتی تاجر کیتن اگروال قتل کیس میں ملزمہ سیاہ گوئل کی عاشق چیتن چوہدری سے مبینہ شادی کی خبروں اداکارہ کنگنا رناوت کا ردعمل آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیتن اگروال قتل کیس میں پولیس ان غیرتصدیق شدہ دعوؤں کا جائزہ لے رہی ہے کہ دو اہم ملزمان سیا گوئل اور چتین چوہدری نے واردات سے قبل خفیہ طور پر شادی کرلی تھی۔
پونے پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق ان کی چیٹس (گفتگو) کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس جوڑے نے مبینہ قتل سے چند ماہ قبل ہی چھپ کر شادی کر لی تھی۔
ایک طرف جہاں تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے وہیں دوسری طرف اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے بھی اس کیس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے جدید دور کے رشتوں پر تبصرہ کیا ہے۔
کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر اس واقعے کی ایک نیوز رپورٹ شیئر کی اور ساتھ ہی آج کل کے رشتوں اور نوجوانوں کی ثقافت کے بارے میں ایک سخت پیغام لکھا۔
کنگنا نے لکھا کہ واٹس ایپ، انسٹاگرام، ڈیٹنگ ایپس، بینچنگ ، گھوسٹنگ، دوہرے/ تہرے ہندسوں میں رشتوں کی تعداد، کرمبنگ ، دیکھنا، پرکھنا، فلٹرز، اسٹوریز، منشیات اور کلبز، یہ سب کچھ اس سے بھی بڑھ کر لیکن پھر بھی یہ کافی نہیں ہے۔”
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائی کو تخریبی رویوں کے بجائے بامقصد کاموں کی طرف موڑیں۔ بغیر کسی مقصد یا ہدف کے جذبہ ہمیشہ ایسے ہی خود کو تباہ کرنے والے راستے تلاش کر لیتا ہے یہی وجہ ہے کہ جنون ضروری ہے لیکن اپنے کیریئر یا کسی ہنر کے لیے ہونا چاہیے۔
یہ پڑھیں: کیتن اگروال کیس: کیا سیا گوئل اور چیتن چوہدری نے خفیہ شادی کر رکھی ہے؟
اداکارہ نے لکھا کہ میں بے چین نوجوان نسل سے کہنا چاہتی ہوں کہ اپنی توانائیوں کو کسی مثبت راستے پر لگائیں، کھلے ذہن کے ساتھ سوچیں لیکن ایک باحیا اور محتاط زندگی گزاریں، اس طرح آپ جیل، بوریت، منفی سوچ، ڈپریشن اور ایسی کئی دوسری تباہیوں سے بچ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سیا گوئل اور ان کے بوائے فرینڈ چیتن چوہدری پر الزام ہے کہ انہوں نے 18 جون کو لوہا گڑھ قلعے کی ایک چوٹی سے دھکا دے کر پونے کے 25 سالہ رئیلٹر (پراپرٹی ڈیلر) کیتن اگروال کو قتل کیا، ستم ظریفی یہ ہے کہ کیتن اور سیا کی منگنی ہو چکی تھی اور اسی سال 18 نومبر کو ان کی شادی طے تھی۔
پونے رورل پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ ملزمان کی شادی کے بارے میں کچھ غیر تصدیق شدہ رپورٹس بھی ہیں، ہم اس دعوے کی تصدیق کر رہے ہیں اور یہ بھی چیک کر رہے ہیں کہ آیا یہ شادی قانونی طور پر رجسٹرڈ تھی یا نہیں۔
پولیس سیا کی طرف سے اپنی ایک سہیلی کو بھیجے گئے ایک مبینہ اسنیپ چیٹ میسج کا بھی جائزہ لے رہی ہے جو اس کیس میں ڈیجیٹل ثبوت کا حصہ بن چکا ہے۔ اس پیغام سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ کیتن کے ساتھ ان کی شادی کبھی ہونی ہی نہیں تھی، میسج میں مبینہ طور پر لکھا تھا کہ "شادی کی ٹکٹوں کے لیے اپنے آدھار کارڈ کے آگے اور پیچھے کی تصویر بھیجو جو کہ ویسے بھی نہیں ہونے والی لیکن پھر بھی بھیج دو۔



