بالی وڈ کی مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے سابق بوائے فرینڈ کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جادو ٹونے میں کوئی برائی نہیں۔ یہ ایک آرٹ ہے۔
بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ کنگنا رناوت ان دنوں پھر خبروں میں ہیں۔ کنگنا کے سابق بوائے فرینڈ ادھیان اور ان کے والد شیکھر سمن نے ان پر الزام لگایا تھا کہ وہ ایک جادوگرنی ہیں اور انہوں نے ادھیان پر کالا جادو کروایا ہے۔
کنگنا نے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جادو ٹونا ایک قدیم فن ہے اور اسے کرنے میں کوئی برائی نہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو ہم سب ہیری پوٹر فلم سیریز کو کیوں اتنے شوق سے دیکھتے؟
کنگنا کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں چاہیں گی کہ ان کی بیٹی جادو ٹونے کے بارے میں سیکھے۔
کنگنا کی بالی وڈ میں کامیابی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ جب میں انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھی تو کوئی بڑا ہیرو خاص طور پر خان میرے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔ اب میرے پاس ان خانوں کے ساتھ کام کرنے کی بے تحاشہ آفرز ہیں لیکن اب میں ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی۔ میں اپنا ہیرو خود ہوں۔
کنگنا کی فلمیں تنو ویڈز منو، کوئین، اور تنو ویڈز منو ریٹرنز بلاک بسٹر فلمیں ثابت ہوئی تھیں۔ کنگنا کو کوئین میں بہترین اداکاری پر قومی ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔