بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ٹیم کے کپتان کپل دیو نے پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین ظہیرعباس کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔
وہ اے آر وائی نیٹ ورک کے تحت کھیلوں کے چینل "اے اسپورٹس” کے پروگرام "کرکٹ کونکلیو” میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کررہے تھے۔
دبئی کے برج خلیفہ کے پاس ہونے والے پروگرام "کرکٹ کونکلیو” میں پاکستان کے کرکٹ لیجنڈ ظہیرعباس کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کپل دیو کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کے دوران ہمارے باؤلر اکثر ظہیر عباس سے کہا کرتے تھے کہ بھگوان کے لیے اب بس بھی کردو لیکن اس کے بلے سے رنز اگلتے رہتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جب ہم پاکستان سے میچ کھیل رہے تھے اس دوران بھارت میں کرکٹ شائقین کی جانب سے شہرووں میں پوسٹرز لگائے گئے کہ "ظہیر عباس اب بس کر” اس بات سے ان کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
کپل دیو کا کہنا تھا کہ مجھے عجیب لگتا ہے جب کوئی یہ کہتا ہے کہ ایشییئن بریڈ مین، جبکہ اصل بات یہ ہے کہ ظہیر عباس صرف ظہیر عباس ہے، اور ان کا موازنہ کسی بریڈمین سے نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے جنوری 1975ءسے دسمبر1985ءکے دوران کم از کم ایک ہزار رنز اسکور کرنے والے بلے بازوں میں کپل دیو (102.85) اور سر ویوین رچرڈز(89.46) کے بعد سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ(85.03) سے رنز اسکور کیے تھے۔