کراچی : شہر قائد میں عید کے 3 دن ہولناک ثابت ہوئے ، ان دنوں ٹریفک حادثات میں 16 شہری جان سے گئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 246 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک حادثات کی لہر تھم نہ سکی، عید کے تین دنوں میں شہر کی سڑکیں انسانی خون سے رنگ گئیں، جس میں 16 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
گزشتہ روز بھی ڈیفنس موڑ پر ایک تیز رفتار ٹینکر نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس سے موقع پر ہی ہلاکتیں ہوئیں۔
رواں سال شہر میں بے لگام ہیوی ٹریفک (ٹینکرز، ٹرالرز اور ڈمپرز) شہریوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر 83 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
سب سے زیادہ 37 ہلاکتیں ٹرالرز کی ٹکر سے ہوئیں جبکہ شہر میں دوڑتے واٹر ٹینکرز نے 23 قیمتی جانیں نگل لیں۔
دیگر حادثات میں بسوں کی ٹکر سے 11، مزدا سے 7 اور ڈمپرز کی زد میں آکر 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات کی صورتحال انتہائی تشویشناک رہی ہے، اب تک مختلف حادثات میں 246 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
حادثات کے نتیجے میں اب تک 2,500 سے زائد افراد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچے، جن میں سے کئی معذور ہو چکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


