کراچی(22 جولائی 2026): پاک کالونی پولیس اور وفاقی حساس ادارے کا گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے گینگ وار کے 2 خطرناک شوٹرز کو گرفتار کرلیا۔
کراچی پاک کالونی پولیس نے وفاقی سول حساس ادارے کے ساتھ مل کر ایک گرینڈ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ گینگ وار ‘ریاست جدگال’ گروہ کے 2 خطرناک شوٹرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت زبیر عرف دادا اور جمشید عرف سندھی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہیں، جن میں 5 پستول، ایک ایم پی فائیو، ایک منی کلاشنکوف، 6 میگزین، 186 گولیاں اور آدھا کلو منشیات شامل ہیں۔
ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ ملزم زبیر عرف دادا حاجی ریاست گینگ کا مسلح شوٹر ہے اور اس پر ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ، منشیات فروشی، گھروں پر قبضوں اور مکانات کو آگ لگانے جیسے سنگین الزامات ہیں۔
ملزم زبیر ماضی میں کالعدم بی ایل اے کے کمانڈر امین عرف بادشاہ سے منسلک رہنے کے علاوہ ملزم اکبر عرف لنگڑا، ساجد ڈکیت اور علی دادا گروپ کے ساتھ بھی کام کرتا رہا ہے۔
دوسری جانب، ملزم جمشید عرف سندھی حاجی ریاست کا قریبی ساتھی اور شوٹر ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم جمشید پہلے منشیات فروشی اور اب کباڑ کے کاروبار میں ملوث ہے، جبکہ وہ ‘فش گیم’ کے نام سے مبینہ جوئے کا کاروبار بھی چلاتا رہا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


