کراچی کے علاقے جٹ لائن میں گھروں سے 75 لاکھ کا سامان چوری کرنے والی 2 بہنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
بریگیڈ پولیس کے مطابق گرفتار خواتین گھروں میں کام مانگ کر وارداتیں کیا کرتی تھیں، ملزمہ نوشین، نور فاطمہ نے 75 لاکھ کے پرائز بانڈ اور 80 ہزار روپے چوری کیے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نوشین نے چند ماہ قبل ہی متاثرہ گھر میں ملازمت حاصل کی تھی اور گھر والوں کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد تین ماہ بعد واردات انجام دی۔
واردات کے بعد ملزمہ کے موقع سے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ نوشین ماضی میں بھی گھروں میں کام کاج کے دوران چوریاں کرچکی ہے، ملزمہ کے خلاف پہلے بھی بریگیڈ اور صدر کے تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
یہ پڑھیں: کراچی: بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
ادھر سچل سے خاتون کو گاڑی میں بٹھا کر وارداتیں کرنے والے پکڑے گئے ہیں، پولیس کا بتانا ہے کہ خاتون سمیت ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان گاڑیاں چوری کرنے اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان انجن و چیسس نمبر تبدیل کرکے جعلی کاغذات بنا کر فروخت کرتے تھے، ملزم خواتین کے ذریعے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے زیر استعمال گاڑی درخشاں تھانے کی حدود سے چوری کی گئی تھی جبکہ ملزم سے اسلحہ اور خاتون سے منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔


