اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

کراچی : نیا ناظم آباد سے 2 سالہ بچے کے اغوا کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: نیا ناظم آباد سے 2 سالہ بچے اذان کے اغوا کی سی سی ٹی وی منظرعام پر آگئی تاہم پولیس بچے کو بازیاب یا ملزم کو گرفتار کرنے میں اب تک ناکام ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر کی حدود میں واقع نیا ناظم آباد ہاؤسنگ سوسائٹی سے ڈھائی سالہ بچے اذان علی کا اغوا کرلیا گیا‌۔

پولیس نے بتایا کہ اذان علی ہفتے کی شام اپنی والدہ کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ والدہ چند لمحوں کے لیے جوتے تبدیل کرنے گھر کے اندر گئیں، واپس آئیں تو بچہ لاپتہ تھا۔

اہل خانہ نے فوری طور پر بچے کی تلاش شروع کی، تاہم کوئی سراغ نہ ملنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ہیلمٹ پہنے ایک موٹرسائیکل سوار ملزم کو بچے کو لے کر ہاؤسنگ سوسائٹی سے باہر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اہل خانہ کا شبہ ہے کہ اغوا کی واردات میں ایک سے زائد افراد ملوث ہو سکتے ہیں اور اسے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا گیا۔

پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ہے، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے بیانات، سی سی ٹی وی فوٹیجز، واقعاتی شواہد اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔

بچے کے اغوا کے بعد والدین شدید غم اور تشویش میں مبتلا ہیں اور انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ اذان علی کو جلد از جلد بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

تاہم واقعے کے 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس بچے کو بازیاب یا ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں