کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گرنے والے تین سالہ بچے ابراہیم کی لاش ڈھونڈنے والے بچے کی ایس ایس پی آفس آمد ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ننھے ابراہیم کی لاش ڈھونڈنے والے بچے تنویر کی ایس ایس پی ایسٹ سے ملاقات کی جس میں ڈاکٹر فرخ نے اسے نقد انعام اور گلدستہ پیش کیا۔
ایس ایس پی ایسٹ نے بچے کے والد کو بھی ہار پہنایا، تنویر نے گزشتہ روز رضاکارانہ طور پر امدادی کام کیا تھا۔
یہ پڑھیں: کیا حادثے کا مقام گلشن اقبال ٹاؤن کی حدود میں آتا ہے؟ بلدیات کو لکھے گئے خط میں انکشاف
واضح رہے کہ اتوار کی رات کو کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب فیملی کے ساتھ شاپنگ پر جانے والا تین سالہ بچہ ابراہیم مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
بچے کی لاش نکالنے کے لیے عوام نے 15 ہزار روز جمع کرکے مشینری بلوائی لیکن پھر بھی لاش نہیں نکالی جاسکی۔
اگلے دن صبح تقریباً 15 گھنٹے گزرنے کے بعد ابراہیم کی لاش کچرا چننے والے بچے تنویر نے تلاش کرکے دی تھی تو پولیس اہلکاروں نے اس سے پوچھا تم کون ہو، بچے نے بتایا کہ میں نے لاش نکال کر انکل کو دی ہے تو پولیس اہلکاروں نے اسے تھپڑ مارے۔
گزشتہ روز ننھے ابراہیم کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔


