پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

کراچی: ابراہیم کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کا واقعہ، حادثے سے متعلق رپورٹ تیار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کے علاقے نیپا چورنگی پر تین سالہ بچے ابراہیم کے مین ہول میں گرنے سے ہلاکت کے واقعے پر گلشن اقبال ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نے رپورٹ تیار کرلی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رپورٹ میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو حادثے سے بری الذمہ قرار دیا گیا ہے، ٹی ایم سی گلشن اقبال کا کہنا ہے کہ رپورٹ کو دائرہ اختیار اور محکمانہ ذمہ داریوں کی تصدیق کے بعد تیار کیا گیا ہے، حادثہ یونیورسٹی روڈ پر پیش آیا جس کا تعلق میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ہے۔

رپورٹ ٹی ایم سی گلشن اقبال کے میونسپل کمشنر نے تیار کی ہے جو محکمہ بلدیات کے ریجنل ڈائریکٹر کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

یہ پڑھیں: کراچی: ابراہیم کی لاش نکال کر دی تو پولیس اہلکاروں نے تھپڑ مارے، خاکروب

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹی ایم سی گلشن اقبال، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے انتظامی کنٹرول میں نہیں آتا، بی آر ٹی پروجیکٹ، کے فور پروجیکٹ فی الحال اس راہداری کے ساتھ زیر تکمیل ہیں۔

ٹی ایم سی کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے متعلق کام متعلقہ ایگزیکٹو ایجنسیاں انجام دے رہی ہیں، علاقے میں سیوریج کی مین لائن کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دائرہ اختیار میں ہے۔

متعلقہ روڈ پر جاری ترقیاتی کام، سیوریج کا بنیادی ڈھانچہ دوسرے محکمے کے کنٹرول میں آتا ہے۔

یہ پڑھیں: کراچی: نیپا کے قریب گٹر میں گرنے والے 3 سالہ ننھنے ابراہیم کی لاش مل گئی

گزشتہ روز شاہ فیصل کی رہائشی فیملی نیپا کے قریب شاپنگ کرنے آئی جہاں سے واپسی پر تین سالہ بچہ ابراہیم والد کی موٹر سائیکل کے پاس بھاگا اور گٹر میں گر گیا۔

والد نے بتایا کہ وقوعہ کے وقت مدد کے لیے سب کو بلاتا رہا لیکن کوئی مدد کو نہیں آیا پھر 15 ہزار روپے دے کر مشینری منگوائی لیکن 15 گھنٹے گزرنے کے بعد کچرا چننے والے لڑکے نے لاش نکالی۔

ننھے ابراہیم کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر قبل ادا کردی گئی جس میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں