پیر, اگست 17, 2026
اشتہار

کراچی سے کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ کے 4 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے 4 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

کراچی میں سی ٹی ڈی نے ٹیکنیکل بنیادوں پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار دہشتگردوں میں رعایت حسین عرف حمزہ عرف مولوی شامل ہے جو کالعدم زینبیون بریگیڈ کا سرغنہ بتایا جا رہا ہے، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں حسین املاق، ساجد علی اور محمد عسکری شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ٹارگٹ ملنے پر مطلوبہ افراد کو قتل کرتے تھے تاہم ملزمان کے قبضے سے چار پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔

دورانِ تفتیش دہشتگردوں سے ان افراد کی لسٹ بھی برآمد ہوئی ہے جنہیں مذہبی بنیادوں پر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بلدیہ نمبر 7 کے علاقے میں ایک نمازی کو فائرنگ کرکے قتل کیا، جبکہ سال 2024 میں جوبلی کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ایک موذن کو زخمی کیا گیا تھا۔

گرفتار دہشتگرد شہر میں ہونے والی متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں بھی ملوث رہے ہیں تاہم گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید انکشافات کے لیے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ شہر میں امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں