کراچی : پولیس نے لیاری سے خالی پلاٹ سے 5 مارٹر شیل اور 5 موٹر فیول برآمد کرلیے اور بتایا کہ گینگ وار شفیع پٹھان نےساتھیوں سےملکر اسلحہ دفن کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لیاری کے علاقے اولڈ کمہار واڑہ میں خالی پلاٹ سے 5 مارٹر شیل اور 5 موٹر فیول برآمد ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نیپئر تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے رپورٹ تیار کرلی ، جس کے تحت مخبر کی اطلاع پر کارروائی کی گئی کہ خالی پلاٹ میں اسلحہ دفن ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ گینگ وار کے ملزم شفیع پٹھان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ زمین میں دفن کیا تھا۔
پولیس کے مطابق کھدائی کے دوران سفید کپڑوں میں لپٹے 6 بنڈل برآمد ہوئے، جن میں سے ایک میں 5 موٹر فیول اور باقی 5 میں مارٹر شیل موجود تھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق برآمد مارٹر شیل ناکارہ تھے تاہم ان میں بارود موجود تھا۔ بارودی مواد کو سیل کرکے پولیس حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


