اتوار, اگست 9, 2026
اشتہار

یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں!‌

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہریوں کو بیرون ملک بالخصوص یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے سات رکنی گینگ کو پکڑ لیا، ملزمان کے قبضے جدید ہتھیار متعدد پاسپورٹ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل (ہیومن ٹریفکنگ سرکل) نے نارتھ ناظم آباد میں ایک کامیاب سلیپر آپریشن کرتے ہوئے شہریوں کو یورپ اور بیرونِ ملک بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے بٹورنے والے خطرناک 7 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد اجمل نے پریس کانفرنس میں سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گروہ گزشتہ 5 سال سے کراچی میں مختلف ناموں سے متحرک تھا، ملزمان نے نارتھ ناظم آباد میں ایک پوری بلڈنگ کرائے پر لے کر باقاعدہ جعلی دفتر قائم کر رکھا تھا، جہاں سے شہریوں کو کالز کر کے بیرونِ ملک بالخصوص یورپ بھجوانے کا جھانسا دیا جاتا تھا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے سیکڑوں کی تعداد میں پاکستانی پاسپورٹس ، جدید خودکار ہتھیار اور اسلحہ ، پولیس کی وردیاں (یونیفارمز) اور لیپ ٹاپس برآمد کر لیے گئے ہیں۔

محمد اجمل نے بتایا کہ یہ گینگ فی کس 8 سے 10 لاکھ روپے بٹورتا تھا، جب معصوم شہری یا ان کے والدین رقم دینے کے بعد ویزے کا تقاضہ کرتے، تو ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کو پولیس کی وردیاں پہنا کر شہریوں کے سامنے کھڑا کر دیتے تھے جو انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر ہراساں کرتے اور بھگا دیتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق، اس گروہ کے ہتھے چڑھے اب تک 52 متاثرہ افراد ایف آئی اے کے سامنے آ چکے ہیں، جنہوں نے اپنے بچوں کے مستقبل کے نام پر لاکھوں روپے گنوائے۔

ایف آئی اے حکام نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

اہم ترین

عدنان راجپوت
عدنان راجپوت
عدنان راجپوت اے آر وائی نیوز سے بطور کرائم رپورٹر وابستہ ہیں

مزید خبریں