کراچی (3 جون 2026): پٹرول پمپ پر موٹر سائیکل آگے لے جانے کے معمولی تنازع پر 70 سالہ بزرگ کو بیٹے اور پوتوں کے سامنے قتل کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ سفاکانہ واردات کراچی کے علاقے بھیم پورا کے پٹرول پمپ پر پیش آئی، جہاں فیول بھروانے کے لیے موٹر سائیکل آگے لے جانے کے معمولی تنازع پر جھگڑا ہو، جس پر مسلح افراد نے 70 سالہ بزرگ کو اس کے محنت کش بیٹے اور پوتوں کے سامنے قتل کر ڈالا۔
اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں پٹرول پمپ پر دو افراد کو موٹر سائیکل پر آتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ عقب سے موٹر سائیکل پر ایک جوان، دو بچے اور بزرگ بھی پہنچے۔
مذکورہ نوجوان دونوں کو کراس کرتا ہوا موٹر سائیکل آگے لے گیا، جس پر دوسری بائیک پر سوار ملزم نے اس کے کاندھے پر ہاتھ مار کر اس کو پیچھے آنے کو کہا اور اس بات پر پہلے دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، جو ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
نوجوان نے اپنے ایک کمسن بیٹے کو خود اور دوسرے کو اس کے والد نے اٹھا رکھا تھا۔ والد نے بیچ بچاؤ کرانا چاہا تو ملزم نے زوردار مکا منہ پر دے مارا۔
مکا بزرگ کے چہرے کے ساتھ زور سے سر پر لگا، جس کے باعث وہ زمین پر گر گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ملزمان موقع سے با آسانی فرار ہو گئے۔
پولیس نے ملزمان کی فوٹیجز اور دیگر تفصیلات حاصل کر لی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق شخص کا نام فضل اور بیٹے کا نام جاوید ہے اور پیشے کے اعتبار سے دونوں باپ بیٹا محنت کش ہیں۔


