کراچی(12 اپریل 2026): شہر کے علاقے قائد آباد چاول گودام موڑ کے قریب واقع بھینسوں کے ایک باڑے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں باڑے میں موجود 8 بھینسیں جھلس کر زخمی ہو گئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی فوری طور پر موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
آگ لگنے کی وجہ سے باڑے میں موجود دیگر سامان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکٹر سیون اے میں واقع ایک ویئر ہاؤس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور دو گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث ویئر ہاؤس میں موجود بڑی مقدار میں گتہ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے بعد اب متاثرہ جگہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


