کراچی: شہر قائد کے علاقے گارڈن میں نامعلوم افراد تاجر کو بھتے کی پرچی تھما کر فرار ہوگئے، اورنگی ٹاؤن میں کم عمر ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر تھانے کی حدود کھوڑی گارڈن کے تاجر کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی ہے، دو لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر تاجر کے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
صدر آل سٹی تاجر اتحاد حماد پونا والا کے مطابق آل سٹی تاجر اتحاد کے ممبر کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی ہے، چند شرپسند عناصر شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمیں اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں خلیل مارکیٹ کے قریب 2 کم عمر ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، پولیس اہلکاروں ںے دونوں ڈکیتوں کو مشتعل شہریوں سے بچا کر حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار کم عمر ڈکیتوں میں 17 سالہ فیض اور 18 سالہ ہریرہ شامل ہیں، ملزمان سے اسلحہ برآمد کرکے اقبال مارکیٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے رینجرز کی جانب سے چند روز قبل بھی آپریشن کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔