کراچی : نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی پر شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ، ملزم نے پستول نکال کر شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی پر شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی ساتھی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ شہری اپنی گاڑی میں فروٹ خریدنے کے لیے رکا ہوا تھا کہ اچانک ایک مرد اور خاتون موٹرسائیکل پر وہاں پہنچ گئے۔
ملزم نے پستول نکال کر شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزم نے گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق شہری نے موقع دیکھ کر اپنا پستول نکالا اور جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ خاتون کو گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے پاک کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران تین ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ مقابلے کے بعد ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ملزمان شدید زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے تھے، تاہم اسپتال منتقلی کے دوران وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق مقابلے کے دوران پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس کی وجہ سے محفوظ رہے تاہم واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔


