کراچی: شہر قائد کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر شہریوں نے گیش کی بندش اور پانی کی قلت کے خلاف دھرنا دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے آئی آئی چند ریگر روڈ پر شہریوں نے گیس کی بندش اور پانی کی قلت کے خلاف دھرنا دے دیا جس کے سبب بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
دھرنے پر بیٹھے مظاہرین نے آئی آئی چندر ریگر روڈ بلاک کردیا، مشتعل مظاہرین کی ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین کا دھرنا ختم کروانے کے لیے پولیس سمیت کوئی بھی حکومتی نمائندہ نہیں پہنچا جس کے سبب سڑک سے گزرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گذشتہ کئی روز سے گیس کی قلت کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو بھی شدید مشکلات کاسامنا ہے اورصنعتی علاقوں میں پیداواری عمل بری طرح متاثر ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس کی قلت کا سامنا ہے، سندھ میں 17 کلو میٹر کے حصے پر گیس پائپ لائن بچھانی ہے، سندھ حکومت گیس پائپ لائن بچھانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے تیل و گیس کے ذخائر کے لیے اقدامات نہیں کیے، سردیوں میں گیس کی قلت کے حوالے سے پیشگی اقدامات کررہے ہیں۔