کراچی : دو منٹ چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی، مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی۔
شہر قائد کی عوام ڈکیتوں، لیٹروں اور ڈمپر مافیا کے ہاتھوں آئے روز موت کا شکار ہورہے ہیں قانون کے رکھوالے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔
کراچی کی سڑکون پر دنداتے ڈمپر نے ایک اور شہری کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا کردیا۔
کراچی کے علاقے دو منٹ چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی، حادثے میں موٹرسائیکل سوار شہری شدید زخمی ہوگیا جسے ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔
حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیو نے رکنے کے بجاے فرار ہونے کی کوشش کی تو مشتعل شہریوں نے ڈمپر کے شیشے توڑ کر ڈمپر کو آگ لگا دی۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں 2 ماہ میں 152 سے زائد شہریوں کا ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایدھی انفارمیشن رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جنوری سے 5 مارچ تک 152 شہری حادثات میں جاں بحق ہوئے جب کہ 7 سو 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔