کراچی : اپنے اور بیٹے کے اغوا کا ڈرامہ رچانے والا ملزم سرکاری افسر نکلا، اشفاق احمد پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہے۔
پولیس نے گزشتہ روز اغوا کا ڈرامہ کرنے والے ملزم اشفاق کو اس کے دو سالہ بیٹے سمیت لاڑکانہ کے سول لائنز ایریا سے بازیاب کیا تھا۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ اشفاق احمد نامی شخص 19 اپریل کو شارع فیصل سے اپنے دو سالہ بیٹے محمد اذان کے ہمراہ لاپتا ہوا تھا۔
اس دوران اس کی اہلیہ کو واٹس ایپ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تاوان کا پیغام موصول ہوا، جس کے بعد پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر لاڑکانہ کے علاقے سول لائنز میں چھاپہ مارا۔
پولیس حکام کے مطابق مغوی اشفاق احمد نے خود کو اندرون سندھ کے شہر لاڑکانہ میں چھپا رکھا تھا، اے وی سی سی، سی پی ایل سی اور لاڑکانہ پولیس نے کامیاب مشترکہ کارروائی کی جس میں مغوی اشفاق احمد اور اس کا 2 سالہ بیٹا محمد اذان بازیاب کرلیا گیا۔
تحقیقات میں حیران کن انکشاف ہوا کہ اشفاق احمد دراصل ایک سرکاری افسر ہے جو قرض داروں سے بچنے کے لیے روپوش ہوا تھا۔ کاروبار میں نقصان کے باعث وہ مالی دباؤ کا شکار تھا اور اسی دباؤ سے نکلنے کے لیے اس نے اغوا کا ڈرامہ رچایا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق ملزم نے خود کو بیٹے سمیت ایک کوارٹر میں چھپا رکھا تھا اور اہل خانہ سے تاوان طلب کرکے صورتحال کو حقیقی اغوا کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
کراچی: سندھ پولیس کے مزید اہلکار اغوا برائے تاوان میں ملوث نکلے، سنگین انکشاف
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


