The news is by your side.

Advertisement

کراچی پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں‌ کے آگے بے بس؟

کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈالمیا میں واقع شانتی نگر میں باراتیوں نے شدید ہوائی فائرنگ کر کے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈالمیا میں واقع شانتی نگر میں شادی کی تقریب میں انعقاد کیا گیا جس میں شریک ہونے والے باراتیوں نے دن اور رات کے علیحدہ علیحدہ پروگراموں میں بے خوف ہوکر فائرنگ کی۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں باراتیوں کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اور بھی دل دہلا دینے والے مناظر اس فوٹیج میں شامل ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح افراد نے خواتین اور بچوں کی موجودگی اور اُن کے گزرنے کے باوجود فائرنگ نہیں روکی اور وہ کھلے عام اسلحہ چلاتے رہے۔

دوسری جانب ایس پی گلشن ڈویژن کے اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ ایس پی گلشن ڈویژن معروف عثمان نے انٹرنیٹ وائرل ہونے والی ڈالمیا کی ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے عزیز بھٹی تھانے کو کارروائی کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: شادی کی تقریب میں دو گھنٹے تک شدید ہوائی فائرنگ، پولیس بنی خاموش تماشائی

تھانہ عزیز پھٹی کی پولیس پارٹی نے بروقت کارروائی کر کے ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کو ڈالمیا سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت فیصل عرف فقرا ولد امجد علی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل اور ریپیٹر برآمد ہوا۔ گرفتار ہونے والے شخص کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں دفعہ 324 ت پ اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

قبل ازیں  بھٹی تھانے کے پولیس حکام نے مؤقف دیا کہ ویڈیو کے حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں، اب تک جو معلومات سامنے آئیں اُن کے مطابق فائرنگ کرنے والے افراد کا تعلق علاقے سے نہیں تھا۔

واضح رہے  ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں جن پر پولیس عمل درآمد کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے کیونکہ گزشتہ روز بھی ایک ایسی ہی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیداران چھوٹے بڑے اسلحے سے کھلے عام فائرنگ کررہے تھے۔

شادی کے اس پروگرام کا انعقاد مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ابوالحسن اصفہانی روڈ پر قائم رہائشی فلیٹ میں ہوا تھا، جہاں دو گھنٹے تک مسلسل ہوائی فائرنگ کی گئی تھی، پولیس کی چوکی اور ایس پی آفس چند قدموں کے فاصلے پر ہونے کے باوجود قانون حرکت میں نہیں آسکا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں