کراچی ایئر پورٹ اور اس کے اطراف میں موٹر سائیکل اور کاریں کھڑی کرنے والے ہوشیار ہوجائیں، گاڑی یا موٹرسائیکل جب بھی کھڑی کریں اچھی طرح لاک کردیں انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہوگی۔
ایئرپورٹ پولیس نے گاڑی اور موٹر سائیکل کی پارکنگ محفوظ بنانے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ جناح ٹرمینل اور کارگو ایریاز کی پارکنگ میں جب بھی گاڑی اور موٹر سائیکل کھڑی کی جائے اسے اچھی طرح لاک کیا جائے۔
جناح ٹرمینل اور ملحقہ علاقوں میں بغیر لاک کئے کھڑی کی گئیں کار اور موٹر سائیکلوں کو حوالہ پولیس کردیا جائے گا، اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ اور کارگو کمپلیکس میں کام کرنے والے ملازمین کو وارننگ جاری کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکلوں کی چوری اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جناح ٹرمینل کارگو ٹرمینلز اور ملحقہ علاقوں کے لئے سخت ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا، گاڑیوں کے لفٹ کئے جانے میں ہونے والے نقصانات کے ذمہ دار کار اور موٹر سائیکل مالکان خود ہوں ہے۔