کراچی : ایئر پورٹ سگنل دھماکے کے مقام سے ملنے والی باقیات خودکش حملہ آور شاہ فہد کی نکلیں، بائیں ہاتھ کی 2 انگلیوں سےشناخت ممکن ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ سگنل دھماکے کے مقام سے ملنے والی باقیات کی شناخت ہوگئی، انسانی جسم کی باقیات خودکش حملہ آور شاہ فہد کی نکلیں۔
تحقیقاتی ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کے بائیں ہاتھ کی 2 انگلیوں سےشناخت ممکن ہوئی، بائیں ہاتھ کی انگلیوں کے فنگر پرنٹس کو نادرا ریکارڈ سے میچ کیا گیا تو شاہ فہد کانام سامنے آیا۔
دھماکے کے مقام سے ملنے والی باقیات میں خودکش حملہ آورکادھڑ،2 انگلیاں اورسر شامل تھا۔
دوسری جانب دہشتگردی حملے کے بعد دھماکے کے مقام کے قریب سیکیورٹی انتظام مزید سخت کردیئے گئے ہیں اور کرائم سین کے اطراف جدید ترین کیمرے نصف کردیئے ہیں۔
ایئرپورٹ سگنل کے قریب جدید سرویلنس کیمرہ نصب کیا گیا ہے جبکہ سرویلنس کیمرے کے ساتھ مزید 2 کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جبکہ دھماکے مقام پر موجود عمارت پر بھی کیمرے لگا دیئے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گرد حملے کے بعد ایک مرتبہ پھر دورہ کیا، راجہ عمر خطاب ،چوہدری صفدر اور دیگر حکام نے کرائم سین کا دورہ کیا، اس موقع پر سی ٹی ڈی حکام کے ہمراہ پولیس سمیت دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔