کراچی : شہر قائد سے گرفتار را کے چار ایجنٹوں نے دعوٰی کیا ہے کہ وہ ایم کیوایم رہنماء قمر منصور کے بھائی کی ہدایت پر کام کرتے تھے۔
پچھلے مہینے کی ستائیس تاریخ کو کراچی میں سپرہائی وے پر واقع احسن آباد سے حراست میں لیے گئے را کے چار ایجنٹوں کو انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے دوران پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے دوہزار آٹھ میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بم دھماکے کیے۔
پولیس کے مطابق ملزمان ایم کیوایم کے رہنماء قمر منصور کے بھائی کی ہدایت پر کام کرتے تھے، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا تھا کہ وہ پاک چین راہداری منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے کارروائی کرنا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ ایم کیوایم رہنماء قمر منصور کو بھی رینجرز نے نائن زیرو سے حراست میں لیا تھا، انہیں نوے روزہ ریمانڈ مکمل ہونے سے پہلے ہی صحت کی خرابی پر رہا کردیا گیا۔ قمرمنصورکی رہائی کے فورا بعد ایم کیوایم نے انہیں تمام ذمہ داریوں سےسبکدوش کردیا، کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تنظیمی معاملات پر قمر منصور سے رابطہ نہ کیا جائے۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے راکےچارمبینہ ایجنٹوں کے ریمانڈ میں مزید توسیع کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔