کراچی: شہر قائد میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے حساس اداروں کی اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں اغوا برائے تاوان میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے دو کارندے گرفتار کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی سے کراچی میں کامیاب آپریشن کرکے اغوا برائے تاوان میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں، ملزمان کراچی سمیت مختلف شہروں میں اغوا کی وارداتیں کرتے تھے اور مغویوں کی رہائی کے عوض کروڑوں روپے تاوان وصول کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، حساس اداروں کے یونیفارم اور دیگر اہم سامان برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے انتہائی مہلک آٹومیٹک ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں، اب تک ہونے والی تفتیش کے مطابق ملزمان بڑے پیمانے پر کام کررہے تھے۔
ادھر ایس پی گلشن اقبال شاہ نواز چاچڑ نے حسن اسکوائر میں فائرنگ سے ہلاک شخص کے بارے میں اطلاع دی ہے کہ ہلاک شخص ڈکیت تھا، ڈکیت لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔
شاہ نواز چاچڑ کا کہنا تھا کہ ہلاک شخص سے 30 بور کا پستول برآمد ہوا ہے، واقعے کی مزید تفتیش کررہے ہیں۔
دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا صدیق آباد قبرستان کے قریب مقابلہ ہوا، مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے، مسروقہ موٹر سائیکل کچھ دن پہلے نیو کراچی سے چھینی گئی تھی۔