تازہ ترین

کراچی، بینک اکاؤنٹ ہولڈر خاتون اورعملے میں تلخ کلامی

کراچی: شہر قائد کے علاقے میں ملیر سٹی میں بینک اکاؤنٹ ہولڈر خاتون اور عملے میں تلخ کلامی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث محدود کسٹمرز کو بینک جانے کے نتیجے میں لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے، کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں بینک اکاؤںٹ ہولڈر خاتون اور عملے میں جھگڑے کے دوران بینک کا شیشہ ٹوٹ گیا، بینک عملے نے پولیس اور رینجرز کو طلب کرلیا۔

اکاؤنٹ ہولڈر خاتون پولیس اہلکاروں سے بھی الجھ گئیں، خاتون کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹ ہولڈر ہوں دھوپ میں کھڑا کردیتے ہیں، مجھے اپنے پیسے نکالنے ہیں  بھیک مانگنے نہیں آئی ہوں۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق خاتون بینک کے باہر کافی دیر لائن میں کھڑی تھیں انہوں نے بینک کے اندر جانے کی کوشش کی تو انہیں روک دیا گیا جس پر وہ غصے میں آگئیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیڈی پولیس اہلکار خاتون کو بالوں سے پکڑ کر لے جارہی ہے اور اس دوران بینک کا شیشہ ٹوٹ گیا۔

بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بینک سے تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

واضح رہے کہ شہر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے بینک کی مختصر برانچز کھولی جارہی ہیں اور ان برانچز پر شہری لائنوں میں کھڑے ہوکر اپنی باری کا انتظار کررہے ہوتے ہیں، کم برانچز کھلنے کی وجہ سے بینک عملہ بھی صارفین کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہا ہے۔

Comments

- Advertisement -