کراچی: پپری میں رات سے لاپتہ 13 سالہ بچے کی لاش گھر کے باہر سے برآمد ہوئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق لگتا ہے کوئی زہریلی چیز کھانے سے موت ہوئی۔
کراچی کے علاقے پپری میں گھر کے باہر سے ایک 13 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بعد پولیس اور ریسکیو اداروں نے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ پپری سے ملنے والی لاش کی شناخت 13 سالہ "صابر” کے نام سے ہوئی ہے، مقتول بچے کے والد طالب حسین نے بتایا کہ بچہ گزشتہ رات سے لاپتہ تھا اور اب اس کی لاش ملی ہے، میری کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔
بن قاسم پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
تھانہ بن قاسم کے ایس ایچ او نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ "بچے کے جسم پر تشدد یا زخم کا کوئی بیرونی نشان موجود نہیں ہے، ابتدائی معلومات سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ موت کسی زہریلی چیز کے کھانے یا دیے جانے کے باعث ہوئی ہے۔”
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی لاش کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے اور حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کا تعین ہو سکے گا تاہم تمام پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔


