کراچی (17 جولائی 2026): شہر قائد میں بھتہ خوری نہ رک سکی بلڈر سے 5 کروڑ روپے طلب کر لیے گئے نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
انتظامیہ کے دعووں کے باوجود کراچی میں بھتہ خوری نہ رک سکی بلکہ ان وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک بلڈر سے پانچ کروڑ روپے بھتہ طلب کیا گیا ہے اور نہ دینے پر جان سے مار دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔
کراچی کے تھانہ منگھوپیر میں سائٹ انچارج حسن نعمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بھتہ خوروں نے پہلے ٹریلر دکھایا اور پھر بھتہ طلب کیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق آفس میں اپنے کام میں مصروف تھا کہ فائرنگ کی آوازیں آئی سیکیورٹی گارڈ نے بتایا موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کی شلوار قمیض پہنے افراد نے جان سے مارنے کی نیت سے گولیاں چلائی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ سے سائٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈ سمیت دیگر معجزانہ طور پر محفوظ رہے جب کہ آفس کی دیوار بورڈ اور دیگر جگہوں پر گولیاں آکر لگیں۔
ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے بعد غیر ملکی نمبر سے کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والے نے اپنا تعلق لیاری گینگ وار صمد کاٹھیا واڑی گروپ سے بتایا اور 5 کروڑ روپے بھتہ مانگا۔
درج مقدمہ متن میں کہا گیا ہے کہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں مدعی مقدمہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔


