کراچی میں سرکاری زمینوں پر قبضے، تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا اجلاس ہوا جس میں سرکاری زمینوں پر قبضوں، روڈ سائیڈ تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بار بار تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ڈی سی کیماڑی نے کہا کہ ماری پور ٹرک اسٹینڈ پر عرصہ دراز سے قائم غیرقانونی دکانیں مسمار اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
کمشنر کراچی کو بریفنگ دی گئی کہ فردوس مارکیٹ لالو کھیت میں غیرقانونی کاؤنٹرز، پلیٹ فارم ہٹا دیے گئے ہیں، نارتھ ناظم بلاک ایم میں غیرقانونی تعمیرات منہدم کردی گئی ہیں، لیاقت آباد، غریب آباد اور سندھی ہوٹل کے اطراف تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
Latest Pakistan News and Breaking News from All over Pakistan
انہیں بتایا گیا کہ سرینا موبائل مارکیٹ میں تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کا خاتمہ کردیا گیا ہے، ضلع شرقی دو پنکچر شاپس، تین کیبنز ہٹا دیے گئے جبکہ ایک کیبن ضبط کرلیا گیا ہے۔
کمشنر کو بتایا گیا کہ ملیر 15 اور ایم 9 پر ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات ختم کی گئیں، کورنگی میں سنگر چورنگی، سنگر پل، 12 ہزار روڈ، غوثیہ اور بابر مارکیٹ میں آپریشن کیا گیا اس دوران 100 سے زائد ٹھیلے اور 50 سے زائد اسٹالز و کیبنز ہٹادیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں کمشنر کراچی کو بریفنگ دی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر تمام اضلاع میں انسداد تجاوزات کارروائیاں جاری ہیں۔


