کراچی(14 جنوری 2026): مائی کلاچی پر موٹرسائیکل سوار مرد و خاتون کو ٹکر مارنے والے کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی توحید رحمان کے مطابق کراچی کے علاقے مائی کلاچی روڈ پر موٹرسائیکل سوار مرد جاں بحق اور خاتون کے زخمی ہونے کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے۔
حکام نے ٹکر مارنے والے کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے، تیز رفتار کار ڈرائیور موٹرسائیکل سوار مرد و خاتون کو ٹکر مار کر فرار ہوگیا تھا، حادثے کے وقت تیز رفتار کار بھی بےقابو ہو کر الٹ گئی تھی۔
ایس ایس پی توحید رحمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم شکیل خان کیخلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی)، عوامی کالونی اور سرجانی ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران زخمی سمیت 7 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل ڈسٹرکٹ ویسٹ زون کی پولیس پارٹی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن سیکٹر فور ایف، ضیاء کالونی قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 35 سالہ اسماعیل چانڈیو ولد علی مردان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


