کراچی(10 جولائی 2026): جناح اسپتال کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ شہر میں ریبیز کا ایک اور انتہائی افسوسناک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
جناح اسپتال کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان کے مطابق نارتھ کراچی کی رہائشی 28 سالہ خاتون کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں ریبیز کی واضح علامات موجود ہیں۔
ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، تاہم انہوں نے واقعے کے بعد ریبیز سے بچاؤ کی ضروری ویکسین نہیں لگوائی تھی۔ بروقت علاج اور ویکسین نہ ہونے کے باعث وائرس جسم میں پھیل چکا ہے اور اب متاثرہ مریضہ کو برین انفیکشن (دماغی سوزش) کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔
ڈاکٹر عرفان کا مزید کہنا تھا کہ جناح اسپتال میں رواں سال ریبیز کا یہ چھٹا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
طبی ماہرین نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کتے یا کسی بھی آوارہ جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال جا کر ریبیز کے بچاؤ کا کورس اور ویکسین لازمی مکمل کروائیں تاکہ اس جان لیوا مرض سے بچا جا سکے۔


