کراچی : کورنگی میں پولیس افسر کی چوکی میں ویڈیو بنوانے والی خاتون ٹک ٹاکر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی میں پولیس افسر کی چوکی میں خاتون کے ہمراہ ٹک ٹاک ویڈیو بنوانے کے معاملے پر خاتون ٹک ٹاکر کیخلاف کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ مقدمہ ناصرچوکی انچارج کی مدعیت میں درج کیاگیا، مقدمے میں پولیس وردی کا غلط استعمال کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ویڈیومیں خاتون سگریٹ نوشی کررہی ہے اور پولیس افسر وردی میں بیٹھا ہوا ہے، ویڈیو کا نوٹس لے کر اہلکار کو معطل کر کے واقعے کی انکوائری کی ہدایت دی ہے۔
View this post on Instagram
یاد رہے گذشتہ روز سوشل میڈیا پر تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے اے ایس آئی صفدر کی خاتون کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بعد انہیں معطل کر دیا تھا۔
خیال رہے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اہلکاروں و افسران پر پولیس وردی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود اہلکاروں و افسران کی تھانے کے اندر بنائی ویڈیوز وائرل ہیں۔