کراچی میں کیش وین سے 30 کروڑ لوٹنے کی واردات کا ماسٹر مائنڈ وین کا سیکیورٹی انچارج نکلا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں سیکیورٹی کمپنی کی وین سے 30 کروڑ روپے لوٹے گئے، واردات میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پاراچنار سے تعلق رکھنے والا کیش وین کا سیکیورٹی انچارج ہی واردات کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گزشتہ سال نومبر میں مذکورہ سیکیورٹی کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی، رقم منتقلی کے دوران غیرپیشہ وارانہ طرز عمل پر وین کے عملے کو حراست میں لیا ہے۔
یہ پڑھیں: کراچی میں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی: فیڈرل بی ایریا میں کیش وین سے 30 کروڑ روپے لوٹ لیے گئے
تفتیشی حکام کے مطابق زیر حراست 2 سیکیورٹی گارڈز اور ڈرائیور سے بھی تفتیش جاری ہے، کیش وین کا عملہ 15 منٹ تک دروازے کھول کر کھڑا رہا، واردات میں ملوث ملزمان کے پاس اسلحہ بھی موجود نہیں تھا وہ سیکیورٹی انچارج کی مدد سے رقم لے کر فرار ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیش وین میں زیر حراست گارڈز کی دو پستول اور رپیٹر موجود تھی جو ملزمان نہیں لے گئے، کیش وین انچارج نے گاڑی میں بیٹھ کر دروازے بند کیے اور ملزمان کو چابی دے کر مدد کی۔


